لندن (پ ر) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے صدرسعیدبھٹی نے اے پی ایم ایل کے ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈی نیشن بریگیڈئر (ر) اسلم کے اعزاز میں عشائیہ دیا، تقریب میں صدر اوورسیز افضال صدیقی، چیف کوآرڈی نیٹر یوکے محمدعلی، جنرل سیکرٹری تبریز اورا،سیکرٹری اطلاعات یوکے سیّد شان عباس عابدی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل مرزا، نائب صدر ثمینہ علی، صدر مینارٹی ونگ عمانویل رائے، صدر ویمن ونگ یوکے نجمہ شاہین اور دردانہ قریشی سمیت مقامی عہدیداران اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی اوران کی طرف سے بریگیڈئر (ر) اسلم کو پُرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ بریگیڈئر (ر) اسلم نے اپنے خطاب میں سعید بھٹی کی اے پی ایم ایل کے ساتھ کمٹمنٹ اور برطانیہ میں اس کی آبیاری کیلئے ان کے جہد مسلسل کو سراہا اور اس کے ساتھ ساتھ مستقبل میں اے پی ایم ایل کی تنظیمی و سیاسی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید بھٹی اور سیّدشان عباس عابدی سمیت مختلف مقررین نے اے پی ایم ایل کے بانی و سربراہ پرویز مشرف کی قیادت اور پاکستانیت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جب کہ ان کیخلاف درج مقدمات پر گہری تشویش ظاہر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے جعلی اقتدار کی مضبوطی اور قومی اداروں کو یرغمال بنانے کیلئے ہر حد سے تجاوز کرجاتے ہیں۔ پرویز مشرف نے اپنے دور صدارت میں سخت مگر دانش مندانہ فیصلے کئے اور ان کی اصلاحات سے ریاست کی رِٹ بحال ہوئی، انہوں نے اپنی مرضی و منشاء سے اقتدار چھوڑا مگر ان کے بعد حکومت میں آنے والے دو سیاسی خاندان ملک و قوم کو ڈیلیور کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے کسی قومی مجرم کو ڈھیل نہیں دی، وہ بے رحم احتساب کے حامی تھے۔ پرویز مشرف کے دور میں لٹیروں کا احتساب شروع ہوا تواسے سیاسی انتقام کا نام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پرویز مشرف منتقم مزاج ہوتے تو شریف خاندان کی تحریری درخواست بلکہ منت سماجت پر انہیں جدہ جانے کی اجازت نہ دیتے۔ پرویز مشرف اپنے عہد کے سیاستدانوں میں سے زیادہ جمہوریت پسند اور محب وطن ہیں۔