کراچی ( جنگ نیو ز )وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے طالب علم احمد کا علاج امریکا میں کرانے کی منظور ی دیتے ہوئے متاثرہ بچے اور اس کے والد کا پاسپورٹ بنانے اور علاج کی رقم جاری کرنے کی ہدایت جاری کردی،طبی ماہرین کے مطابق احمد کو صحت یاب ہونے میں تین سے چھ ماہ تک کا وقت لگ سکتا ہے،وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد تشدد کا نشانہ بننے والا کیڈٹ کالج لاڑکانہ کا ہونہار طالب علم احمد اب علاج کیلئے امریکی ریاست اوہائیو کے اسپتال جائے گا،اس حوالے سے محکمہ صحت کو احمد اور اس کے والد کے پاسپورٹ بنانے کے احکامات بھی جاری کردئیے گئے ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ فنانس کو احمد کے علاج کیلئے فنڈز جاری کرنے کے بھی احکامات جاری کئے ہیں،سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ کے مطابق احمد کے ساتھ اس کے والد کو بھی امریکا بھیجا جائے گاجبکہ انہیں ائیر ایمبولینس کے بجائے روٹین کی پرواز سے امریکا روانہ کیا جائے گا ، احمد کے میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ احمد کا علاج امریکی ریاست اوہائیو کے چلڈرن اسپتال سن سنارٹی میں ہوسکے گا،طبی ماہرین کے مطابق احمد کو صحت یاب ہونے میں چھ سے نو ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔