• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرگودھا ‘گنے کی ٹرالیوں‘ٹرکوں پر لوڈبارے آگاہی مہم شروع کرنیکا فیصلہ

سرگودھا(نمائندہ جنگ )ڈ ی سی او دانش افضال نے لوڈ ایکسل مینجمنٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ ،ٹریفک اور شوگر ملز انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ گنے کے کرشنگ سیزن میں ٹرالیوں پروزن ایکسل کے مطابق لوڈ کیا جائے ۔ لوڈ ایکسل سے زائدلوڈنگ کرنے کی وجہ سے روڈ انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہو تاہے اورحادثات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے ۔ڈی سی او نے کہا کہ پندرہ نومبر سے گنے کی کرشنگ شروع ہو چکی ہے ۔گنے کی ٹرالیوں پر غیر معمولی وزن سڑکوں کو بری طرح متاثر کرتاہے ۔ حکومت نے ٹرالیوں وغیرہ کیلئےلمبائی وچوڑائی او رانچائی کے علاوہ ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی ایکسل لوڈ کی حدود مقررکر کے قوانین کی منظوری دے دی ہے ۔لوڈایکسل مینجمنٹ پالیسی کے مطابق ٹریکٹر ٹرالیوں اورٹرکوں پر وزن اور لوڈنگ کے بارے میں ایک ہفتہ کی آگاہی مہم شروع کی جائےگی ۔ اس سلسلہ میں تما م شاہراہوں کے ساتھ ساتھ بینرزاور سٹیمر لگائے جائیں گے ۔ جس کے بعد ان اقدامات پر عملدرآمد کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیاجائے گااور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس سلسلہ میں رات کے اوقات میں خصوصی سکواڈ تشکیل دئیے جائیں گے ۔ اجلاس میں لوڈ مینجمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کیلئے آگاہی مہم کے سلسلہ میں ٹیمیں تشکیل دی گئیں ۔ اجلاس میں ٹریکٹر ٹرالیوں او رٹرکوں پر ریفلیکٹر لگانے کی بھی ہدایت کی گئی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سنگل ایکسل لوڈ ٹرالی کی لمبائی بارہ فٹ تک مقرر کی گئی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ بارہ ٹن تک لوڈنگ کی اجازت ہو گی ۔ اسی طرح ڈبل ایکسل ٹرالی کی لمبائی بارہ سے بیس فٹ اور زیادہ سے زیادہ لوڈنگ کپیسٹی 18ٹن اور ٹرپل ایکسل ٹریکٹر ٹرالی کی لمبائی 20 سے 30 فٹ اور زیادہ سے زیادہ لوڈنگ کپیسٹی 24 ٹن ہو گی ۔ اسی طرح ڈبل ایکسل سنگل بیڈ فورڈ کی زیادہ سے زیادہ لوڈنگ کپیسٹی 17.5 ٹن ‘ڈبل ایکسل مزدا لوڈرکیلئے وزن کی حد بارہ ٹن ‘ٹرپل ایکسل ٹرکوں کیلئے وزن کی حد 27.5 ٹن ‘ فور ایکسل کیلئے وزن گنجائش 37.5 ٹن ‘ پانچ ایکسل ٹرکوں کیلئے وزن کی حد 47.5 ٹن اور چھ ایکسل ٹرکوں کیلئے زیادہ سے زیادہ وزن کی حد 57.5 ٹن مقرر کی گئی ہے ۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے آصف اقبال ملک، ای ڈی او زراعت افتخار احمد چغتائی، ڈی او انٹرپرائزز،ڈ ی ایس پی ٹریفک شیر بہادر ، شاہپور،بھلوا ل،کوٹ مومن او رساہیوال کے اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ روڈز، شوگر ملز کے نمائندوں اور انجمن کاشتکاراں کے نمائندہ ملک خالد وحید نے شرکت کی۔
تازہ ترین