ہٹیاں بالا(نامہ نگار)ضلع جہلم ویلی میں نیشنل مٹرنل نیوبورن اینڈ چائیلڈ ہیلتھ پروگرام( ایم این سی ایچ پروگرام )کے تمام مرکز ہفتے کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے سروسز فراہم کر رہے ہیں۔ضلع کے ایسے علاقے جہاں کوئی بھی ہیلتھ مرکز موجود نہیں وہاں ایم این سی ایچ پروگرام کے تحت کمیونٹی مڈوائف برتھ ہاوس/ ورک سٹیشن قائم کیے گئے جن میں 21 کمیونٹی مڈوائف خدمات انجام دے رہی ہیں۔راجہ ساجد عظیم خان کو آرڈنیٹر ایم این سی ایچ پروگرام نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کے ضلع جہلم ویلی میں تمام اہم مراکز صحت پر نیشنل مٹرنل نیوبورن اینڈ چائیلڈ ہیلتھ پروگرام نے اپنا سٹاف تعینات کیا ہے جن میں لیڈی ڈاکٹرز ‘ لیڈی ہیلتھ وزٹرز ‘ کمیونٹی مڈوائف ‘ او ٹی ٹیکنیشن ‘ایمبولنس ڈرائیورز اور سیکورٹی گاڑڈ تعینات کیے ہیں۔ جو ہفتہ کے سات دن اور چوبیس گھنٹے اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہ کے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ سیکرٹری صحت میجر جنرل خالدحسین اسد ‘ ڈاکٹر چوہدری بشیر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اے جے ‘ڈاکٹر شبیر اعجاز ریجنل ڈائریکٹر ایم این سی ایچ پروگرام اور ڈاکٹر فاروق اعوان ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جہلم ویلی کی کاوشوں سے ایم این سی ایچ پروگرام نہایت کامیابی سے خدمات فراہم کر رہا ہے اور ان کی کاوشوں سے ملازمین کی تنخواہ کے معاملات بھی حل ہو گئے ہیں اور تمام ملازمین کو گزشتہ 5 ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کر دی گئی ہے ۔سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل خالدحسین اسد و ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اے جے و ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جہلم ویلی کی ہدایت پر تمام ایم این سی ایچ سٹاف کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایمرجنسی کی صورت میں جہاں بھی سول آبادی منتقل ہو گی وہاں محکمہ صحت کی ٹیم کے ہمراہ خدمات دیں گے۔