لندن (آصف محمود براہٹلوی) برطانیہ میں بچوں کی سب سے بڑی چیریٹی تنظیم برناڈوزBarnardo's کی سالانہ ایوارڈ تقریب ویسٹ منسٹر کیتھڈرل ہال میں منعقد ہوئی۔ جس میں برناڈوز کے عملے اور رضاکاروں کی بہترین خدمات سرانجام دینے پر ایوارڈ دیئے گئے۔ اس موقع پر سابق ورلڈ لائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن پاکستان نژاد عامر خان نے برناڈوز کا ایمسبڈر بننے کے بعد پہلی مرتبہ خصوصی شرکت کی تھی اور عملے اور رضاکاروں کی بہترین خدمات پر ان کی حوصلہ افزائی کے لئے ایوارڈ تقسیم کئے۔ چیریٹی کے چیف ایگزیکٹیو جاوید خان، کمیونیکیشن ہیڈ ’’جِل ہالمز‘‘ کے علاوہ عملے اور رضاکاروں نے برطانیہ بھر سے شرکت کی۔ عامر خان نے بطور سفیر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ150سالہ قدیم چیریٹی کا بطور سفیر کام کرنا اعزاز کی بات ہے۔ میں فخر محسوس کر رہا ہوں کیونکہ گزشتہ10سالوں سے میں خود فلاحی کاموں میں حصہ لے رہا ہوں۔ یقیناً ضرورتمندوں اور دوسرے افراد کی مدد کر کے جو دلی سکون ہوتا ہے، جو راحت ملتی ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ پاکستان سمیت دیگر ممالک مختلف پراجیکٹ جاری ہیں۔ برناڈوز نے لاکھوں بچوں کو زندگیاں بدلنے کا موقع فراہم کیا اور انہیں معاشرے کا قابل فخر حصہ بنایا۔ برناڈوز کے چیف ایگزیکٹیو جاوید خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برناڈوز کے عملے اور رضاکاروں نے اپنی بہترین خدمات کے ذریعے برناڈوز کو برطانیہ کی بہترین اور بڑی چیریٹی اور کامیاب فلاحی تنظیم بنا دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برناڈوز اپنے قابل رشک ماضی کے سلسلہ کو جاری رکھیں گے اور مستقبل کے لئے پر عزم ہیں۔ تقریب سے برناڈوز کے سٹریٹجی ہیڈ جل ہالمز نے کہا کہ برناڈوز کے150سال عملے اور رضاکاروں نے اسے تاریخ ساز بنایا۔ برناڈوز میں 8ہزار سٹاف اور20ہزار رضاکار اپنی دن رات کی محنت سے اس کو یادگار بنایا۔ رضاکاروں کی بہترین خدمات کا اعتراف اور مستقبل میں نئے عزم سے خدمات جاری رکھنے کے لئے حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ تقریب کے اختتام پر برطانیہ بھر سے آئے ہوئے رضا کاروں کے اعزاز میں اسی شام کو CEO کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔