• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول منتخب ہو کر آئیں، اسمبلی میں خوش آمدید کہیں گے،ایاز صادق

لاہور(نمائندہ خصو صی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا نتیجہ اچھانکلے گا ، بلاول بھٹو منتخب ہو کر اسمبلی آئیں انہیں خوش آمدید کہیں گے ، بھارت کشمیر کی وجہ سے بے بس اور پریشان ہے، پاکستان نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائی اور دہشتگردی کا بھی موثر جواب دیا ، وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرنا کوئی حیرانگی کی بات نہیں ، اسے ایشو نہ بنایا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ روز سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہندوستان بے بسی کے عالم میں ہے، مقبوضہ کشمیر میں بے گنا لوگوں کو مارا گیا ہے۔ پاکستانی افواج بھارت کو زیادہ منہ توڑ جواب دیتی ہے۔ بھارت میں کرنسی بحران سے پوری قوم کادھیان اس طرف چلا گیا لیکن ہمیں ہر صورت اقوام عالم کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کرانی ہے۔انہوں نے کہا سی پیک بڑا منصوبہ ہے، آنے والی نسلیں اس سے مستفید ہوں گی۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے گئے۔ ماضی میں 15سے 16گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جاتی تھی تاہم اب صورتحال مختلف ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ صحافیوں کے تحفظ کیلئے قومی اسمبلی میں بل لائیں گے۔ جو اینکرز لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہپں،ان کے خلاف بھی بل لائیں گے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہےاس کے قائدین اور ورکرز کو لاہور میں خوش آمدید کہتے ہیں۔انھوں نے لاہور میں بسنت منانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ قاتل ڈور کے خاتمے اور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
تازہ ترین