• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے فور کیلئے مختص فنڈز کسی اور جگہ استعمال نہیں ہونے دینگے، میئر کراچی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے فور یادیگر منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کسی اور جگہ استعمال ہوئے تو انہیں روکا جائے گا میں کے فور اور واٹربورڈ کے دیگر منصوبوں کے بارے میں بریفنگ لینے کے علاوہ دورے بھی کروں گا یونیورسٹی روڈ کی ازسرنو تعمیر کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے مختلف اداروں کے مابین باہمی رابطہ اور مل کر کام کرنے کی صورت میں شہر کے مسائل جلد حل ہوں گے اور حکومت کو بھی ریلیف ملے گا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی سہ پہر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل، منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مصباح الدین فرید، اظہار احمد خان، ضلعی میونسپل کارپوریشن شرقی کے چیئرمین معید انور، کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا اور وسطی کے چیئرمین بھی موجود تھے۔میئر نے گفتگو کرتے ہوئے مزیدکہا کہ غیرقانونی واٹر ہائیڈرینٹ شہر کا بڑا مسئلہ ہے یہ اب نظر نہیں آنا چاہئیں انہوں نے کہا کہ ہم شہر کی ترقی کے لئے مختص فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنائیں گے۔قبل ازیں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید نے میئر کراچی وسیم اختر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات کی واضح ہدایت ہے کہ واٹر بورڈ مکمل تعاون فراہم کرے اور میئر کراچی کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرے مصباح الدین فرید نے میڈیا سے بات چیت اور افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی ،وزیر بلدیات کی ہدایات ہے کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنوں سے موثر اور فوری رابطہ کے لئے واٹربورڈ کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز آج سے ہی اپنے اکاؤنٹینٹ اور دیگر عملے کے ساتھ ڈی ایم سیز کے دفاتر میں بیٹھیں ،قبل ازیں میئر کراچی کی آمد پر ایم ڈی واٹربورڈ نے ان کا استقبال کیا اور وزیربلدیات سندھ کی جانب سے انہیں اجرک کا تحفہ دیا اور روایتی سندھ ٹوپی پہنائی۔
تازہ ترین