چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمر اقبال کا کہنا ہے کہ جس طرح پاکستان میں صحافی فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔
پاکستان یونین ناروے کے زیر اہتمام پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پی ایف یو جے کے صدر اور سینئر صحافی افضل بٹ کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمر اقبال نے افضل بٹ کو ناروے آنے اور تقریب میں شمولیت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
چوہدری قمراقبال نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ افضل بٹ ہمارے سامنے موجود ہیں ان کی صحافتی زندگی میں جو خدمات ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اجاگر کرنے اور پیکا ایکٹ قانون کے خلاف آواز اٹھانے اور اس کے کو ہائی لائٹ کرنے پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے پاکستان یونین ناروے کی طرف سے افضل بٹ کو شیلڈ بھی پیش کی۔
جنگ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے افضل بٹ نے کہا کہ میں پاکستان یونین ناروے کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے احساس بھی نہیں ہونے دیا کہ میں دیار غیر میں آیا ہوں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے افضل بٹ نے کہا کہ اس فالس فلیگ واقع کو دیکھتے ہوئے نہ عقل اجازت دیتی ہے نہ حالات اجازت دیتے ہیں اور نہ کوئی ایسا ثبوت ملتا ہے کہ وہ پاکستان پر اس طرح کا الزام لگائیں اس دہشت گردی کی پاکستان نے بھی مزاحمت کی ہے ہم نے بھی کی اور پوری دنیا نے بھی کی اور انڈیا نے کسی ثبوت کے بغیر کسی بندے کو گرفتار کیے بغیر کسی شواہد کے بغیر ایک دم پاکستان پر اٹیک کر دیا کہ اس حملے میں پاکستان ملوث ہے۔
افضل بٹ نے کہا کہ مودی نے الیکشن میں جانا ہے اس نے ووٹر کو مطمئن کرنا ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ انڈیا کا آزاد میڈیا انڈین حکومت سے آگے بڑھ کر وہ زبان استعمال کر رہا ہے جو سیاست دان بھی نہیں کر رہے اور وہ جنگ کو بڑھاوا دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور پوری دنیا کو دعوت دی ہے کہ وہ اس واقعے کی انویسٹی گیشن کریں اور پتہ کرے کہ کیا اس واقعے میں پاکستان ملوث ہے۔
افضل بٹ کا کہنا تھا کہ انڈیا یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان میں سیاسی تقسیم بہت واضح ہے پاکستان میں علاقائی بنیادوں پر تقسیم ہے سیاسی بنیادوں پر تقسیم ہے مذہبی بنیادوں پر تقسیم ہے لیکن شاید انڈیا بھول گیا تھا کہ پاکستان پر جب بھی کڑا وقت آتا ہے تو پھر پاکستانی تمام اختلافات کو بھلا کر ایک مضبوط قوم بن جاتے ہیں۔
اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان ناروے کے ویلفیئر کمیونٹی کونسلر آصف حمید نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں فالس فلیگ کے پیچھے چھپا بھارت کا دہشت گرد چہرہ بے نقاب ہوگیا نہ دہشت گرد پکڑے گئے ہیں نہ کوئی ثبوت حاصل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللّٰہ ہم ایک ایٹمی قوت ہیں اور ہمارے پاس دنیا کی بہترین افواج ہے اور اس معاملے میں پاکستانی بالکل پریشان نہیں ہے کیونکہ ان کو پورا یقین ہے کہ ہماری افواج بارڈر پر موجود ہے اور ہمارے پاس ایٹم بم موجود ہے تو اس لیے ساری پاکستانی قوم سکون میں ہے۔
حاضرین استقبالیہ نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی موجودگی میں متفقہ طور پر درج ذیل قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے متعلقہ اداروں اور پاکستان میں سول سوسائٹی کی توجہ درج ذیل مطالبات کی طرف مبذول کرائی سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستانی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے حق کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے، آن لائن ووٹنگ یا ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی رائے کا اظہار آسانی سے کر سکیں۔