• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی طرف میلی آنکھ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، زبیر گل


مسلم لیگ ن لندن کے کو آرڈینیٹر زبیر گل کا کہنا ہے کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی  کی طرف گامزن ہے ایک مضبوط توانا پاکستان دنیا کی ترقی میں شامل ہونے جا رہا ہے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زبیر گل نے کہا کہ پاکستان ہماری آن اور شان ہے پاکستان کی طرف میلی آنکھ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ہمیں پاکستان کے لیے اتحاد قائم کرنا ہو گا آج ہمیں ایک قوم بن کر اپنا مقام بلند کرنا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں او پی ایف کے کنونشن کو بھی سراہا اور کہا کہ ایسے کنونشن سے اعتماد بڑھتا ہے، سید قمر رضا اور افضال بھٹی نے ایک کامیاب اور پر اثر کنونشن کیا ہے جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔

 تقریب سے صحافی وقار ملک نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ پاکستان ہم سب کی جان ہے پاک فوج ہماری پہچان ہے ہمیں متحد و منظم ہو کر اپنے پاکستان کے لیے دنیا بھر میں کھڑا ہونا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز کنونشن میں افضال بھٹی نے ایک ہیرو کا کردار ادا کیا ہے، سید قمر رضا اور افضال بھٹی نے اوورسیز کو چٹان کی طرح مضبوط کر دیا ہے اب مسائل حل ہوں گے۔

مسلم لیگ کے جنرل سیکریٹری راشد ہاشمی نے کہا کہ مشکل اور کڑے وقت میں اوورسیز پاکستانی ہمیشہ اپنی دھرتی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور آج ایک مرتبہ پھر بھارت کو لگام دینے کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہیں۔

تقریب سے مسلم لیگ کے ڈپٹی کوآرڈینٹر چوہدری ریاض نے کہا کہ آج مسلم لیگ ن ہر طرف موجود ہے قائد میاں محمد نواز شریف کا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پھیل رہا ہے میاں محمد نواز کا ایٹم بم دشمن کی نیندیں ختم کر دے گا اور پاکستان کی فتح ہو گی۔

کونٹری سٹی کونسل کے کیبینٹ ممبر کامران کین نے کہا کہ ہمیں معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی اخلاقیات کا دامن کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہیے کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ کسی کے گھر اور سفارت خانہ پر حملہ کرے۔

تقریب سے چیئرمین راجہ اصغر ڈپٹی چیئرمین سید سعید احمد چیئرمین کمیونٹی مشتاق دین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے پاکستان کے تحفظ کے لیے مل کر جدوجہد کرنا ہوگی اور ہر اس منفی فعل کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا جس سے پاکستان کو نقصان ہو۔

مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر احسن ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور پاکستان کی فوج ہی ہماری پہچان اور ہماری طاقت ہیں ایک مضبوط پاکستان اور توانا فوج سے ہی ہم دنیا میں سر اٹھا کر چل سکتے ہیں اگر ہماری دھرتی ماں کو کوئی بری نظر سے دیکھے گا تو ہمارا یہ حق ہے کہ ہم اسے سبق سکھائیں اور اس کا محاسبہ کریں۔

احسن ڈار نے او پی ایف کنونشن کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ایسے کنونشن اوورسیز پاکستانیوں کے اتحاد کی علامت ہیں۔

تقریب میں صدر کونٹری سٹی علی چوہدری، حافظ شاہ زیب اور یوتھ ونگ کے صدر خرم بٹ و دیگر اہم شخصیات نے شرکت کر کے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے تحفظ کے لیے ہم سب متحد و منظم ہیں۔

اسٹیج سیکریٹری اور قائد مسلم لیگ میاں نواز شریف کے دیرینہ ورکر و ساتھی محمد فیصل اعوان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید