کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست ہے کہ وہ کراچی کے بڑے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرائیں، سو روزہ صفائی مہم کے سلسلے میں منتخب نمائندے میدان عمل میں آچکے ہیں ہم کوئی دعویٰ نہیں کرتے کہ ان سو دنوں میں شہر کا نقشہ بدل دیں گے لیکن اتنا ضرور یقین دلاتے ہیں کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے اور اپنے لامحدود جذبے کے ساتھ شہر کی خدمت کریں گے اور شہریوں کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے تبدیلی ضرور نظر آئے گی یہ بات انہوں نے پیر کی شام ضلعی میونسپل کارپوریشن شرقی کی یوسی 2 منظور کالونی میں صفائی مہم کے حوالے سے کاموں کا جائزہ لینے اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ضلعی میونسپل کارپوریشن شرقی کے چیئرمین معید انور، وائس چیئرمین عبدالرئوف سمیت علاقے کے منتخب نمائندے بھی موجود تھے ۔میئر کراچی وسیم اختر نے علاقے سے کوڑا اٹھانے کے عمل کا جائزہ لیا ، انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں مسائل کے انبار ہیں لیکن اس کے باوجود کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔اس موقع پر علاقہ مکینوں نے میئر کراچی وسیم اختر سے اس بات پر اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے اپنے دور میں پہلی بار محمود آباد میں پانی فراہم کرایا۔