بہاولپور(سٹی رپورٹر)بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی زیرو ویسٹ سٹی مہم کے سلسلہ میں یونین کونسل نمبر17کے علاقوں شاہدرہ، کوثر کالونی، ویلکم کالونی، مہاجر کالونی میں صفائی آپریشن کیا گیا،آپریشن کے دوران گلی،محلوں، بازاروں سے تقریباً40ٹن کوڑا کرکٹ اور عمارتی ملبہ کو شہر سے باہر منتقل کیا گیا،اس آپریشن میں بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 120سے زائد ورکرز اور 20گاڑیوں نے حصہ لیا۔اس موقع پر چیئر مین بی ڈبلیو ایم سی سمیع اللہ چوہدری کی سربراہی میں ایک آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔منیجنگ ڈائریکٹر بی ڈبلیو ایم سی محمد نعیم اختر، چیئر مین یونین کونسل نمبر 17عمران معاذ، وائس چیئر مین اکمل ونجارا، کمپنی افسران، سینٹری ورکرز اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں واک میں شرکت کی۔واک کے دوران دکانداروں میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے،معززین یونین کونسل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین سمیع اللہ چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا مشن ہے کہ ہم لوگوں کوگھر گھر صفائی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ شہری بھی ہمارا ہاتھ بٹائیں اور اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالیں،کوڑا کرکٹ جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے کمپنی کے مہیا کردہ کوڑے دانوں کے استعمال کو یقینی بنائیں۔