• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑھتے ٹریفک مسائل کیلئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے‘ کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے یہ امر ناگزیر ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ کر کے پارکنگ کیلئے جگہیں مخصوص کی جائیں۔ اس مقصد کیلئے ٹی ایم اوز اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ دکاندار اپنا سازو سامان سڑکوں اور فٹ پاتھ پر رکھ کر فروخت کرتے ہیں جس کی وجہ ٹریفک کی آمدورفت اور پیدل چلنے والوں کے راستے میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں‘ ایسے قانون شکن افراد کیخلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آر پی او فخر وصال سلطان راجہ کے ہمراہ اجلاس میں کیا‘ جس میں ایم این اے ملک ابرار احمد، ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری سرفراز افضل، ملک افتخار احمد، راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ، ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل، سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی، اے سی جی طارق بسرا، ایم ڈی واسا راجہ شوکت، ڈائریکٹر کالجز ملک محمد اصغر، ڈائریکٹر آر ڈی اے اکرم سوبن سمیت ضلعی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ آر پی او نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز پر قابو کیلئے پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا ہے‘ جلد ہی ڈولفن پولیس بھی راولپنڈی میں کام شروع کر دیگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکام کو پولیس نفری میں اضافے کیلئے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے کر شہر میں ٹریفک کی روانی، امن و امان کو برقرار اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے بتایا کہ نمبر پلیٹس کے بغیر موٹر سائیکل تھانوں میں بند کئے جائیں گے اور کم عمر ڈرائیورں کیخلاف کاروائی کی جائیگی۔ اُنہوں نے کہا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون اور ہینڈ فری سیٹ استعمال کرنے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ سٹریٹ کرائمز روکنے کیلئے محافظ سکواڈ متحرک ہے۔ 
تازہ ترین