کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) کھلاڑیوں، سنگیت کاروں اور اداکاروں کو دونوں ملک باسانیویزے جاری کریں، انسان محبت کا متلاشی ہے اسے ایک دوسرے سے ملنے سے روکنا ظلم ہے، دہلی سے پاکستانی ایمبسی نے میری درخواست پر کراچی میں قیام کے دوران پولیس ویری فکیشن سے مستثی کیا جس کی وجہ سے میرا کافی وقت بچا، یہی رویہ دونوں ملکوں کو کھلاڑیوں اور دیگر لوگوں سے اپنانا چاہئے، آئی ٹی ایف سینئرز ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے بھارت کے شہر بھرت پور سے آئے ہوئے نریش کھتری کا جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کہنا تھاکہ میری دونوں بھارت اور پاکستان دونوں حکومت سے کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کو قریب آنے سے نہ روکا جائے، چوتھی دفعہ پاکستان آیا ہوں،مجھے پاکستان میں کسی قسم کا خوف نہیں ہے، ایسا لگتا ہے جیسے اپنے ملک میں رہ رہا ہوں۔ پاکستان میں ٹینس کا بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ گراس روٹ سطح پر چھوٹے چھوٹے بچوں کو جمع کرکے ان کی اکیڈمی بنائی جائے۔