بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)بہاولپور میں خطرناک سکول بلڈنگز کوگرانے کاعمل التواء کاشکار، ای ڈی او ایجوکیشن کاسخت نوٹس، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز زنانہ مردانہ سمیت ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرزکوفوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت۔تفصیلات کے مطابق بہاولپورمیں خطرناک سکول بلڈنگز کی نشاندہی کی گئی تھی جن کے بارے میں فیصلہ کیاگیاتھاکہ ان کوفوری طورپر گرایاجائے گا تاکہ کوئی جانی نقصان ان عمارتوں کی وجہ سے نہ ہو۔ اس حوالے سے متعلقہ افسران کوہدایات جاری کی گئی تھیں تاہم خطرناک سکول بلڈنگز کوگرانے کاعمل ابھی تک التواء کاشکارہے۔ اس حوالے سے ای ڈی او ایجوکیشن نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز زنانہ مردانہ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرززنانہ مردانہ کوایک مراسلہ جاری کیاہے جس میں کہاگیاہے کہ جوسکول بلڈنگز بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے خطرناک قرار دی گئی تھیں اورجن کوگرائے جانے کا فیصلہ کیاگیاتھا وہ ابھی تک نہیں گرائی گئیں لہٰذا ہدایت کی جاتی ہے کہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کرفوری طورپر ایک ہفتے کے اندر تمام خطرناک بلڈنگز کوگرایاجائے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی تاخیر اور حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر متعلقہ افسران کے نام ہائر اتھارٹیز کوپیڈاایکٹ کے تحت کارروائی کیلئے بھجوادئیے جائیں گے۔