اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے شام میں بشار الاسد اور اس کی فوج کی جانب سے شام کے شہر حلب پر مسلسل بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں سیکڑوں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر شدید رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک دن کے دوران 200 سے زائد شہریوں کو بیدردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتار کر حلب کو ایک بڑے اجتماعی قبرستان میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالمی برادری شام میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر مجرمانہ خاموشی توڑے۔آج کی دنیا میں بشار الاسد اور جنرل سیسی جیسے ڈکٹیٹروں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی دوغلی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شام میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بشار الاسد اور اس کا خاندان گزشتہ پچاس سال سے بے گناہ شامی عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ شامی عوام نے اس سے نجات کی بات کی تو عالمی برادری کی سرپرستی میں اس نے پورے ملک کو کھنڈرات میں تبدیل اور لاکھوں افراد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ بعض عالمی اور علاقائی قوتیں بشار کی سرپرستی کرتے ہوئے شام اور مشرق وسطیٰ میں مستقل جنگ کے شعلے بھڑکائے رکھنا چاہتی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج کی دنیا میں بشار الاسد اور جنرل سیسی جیسے ڈکٹیٹروں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔