نوابشاہ(بیورورپورٹ)جمعیت علمائے اسلام ف سندھ کے نائب امیر قاری عثمان نے کہا ہے کہ سندھ میں کرپشن مٹاؤ سندھ بچاؤ تحریک کا آغاز28 دسمبر سے پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے شہر نوابشاہ سے کیا جائیگا۔موجودہ وقت میں سندھ میں کرپشن عروج پر ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے نوابشاہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قاری کامران،حافظ عبدالرزاق پرھیار،مولانا عبدالقیوم چنا اور دیگر رہنما انکے ہمراہ تھے۔نائب امیر قاری عثمان نے کہا کہ سندھ کی نااہل حکومت نے روٹی،کپڑا اور مکان کے نام پر ووٹ لیکر قوم کو بھوک،بدحالی فحاشی،کرپشن کے کنوئیں میں دھکیل دیا ہے میگا پروجیکٹ کے نام پر اربوں روپوں کے گھپلے کئے جا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مدارس کیخلاف قانون اور غیر اسلامی بل کے ذریعے مسلمانوں کے ایمان پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ جے یو آئی ف سندھ میں متبادل کے طور پر سامنے آرہی ہے۔