مظفرآباد(نامہ نگار )پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے رہنماشوکت جاوید میر نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی نویں برسی27 دسمبر کو چاروں صوبوں کی طرح آزاد کشمیر بھر میں انتہائی عقیدت و احترام ،نظریاتی جوش وخروش سے منائی جائیگی،اس سلسلہ میں شایان شان تقریبات کے انعقاد اورانتظامات کی تیاریوں کوحتمی شکل دینے کیلئے متعدد کمیٹیاں قائم کر دی ہیں ،آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ، تحصیل ، سٹی مقامات سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے، جلوس ، ریلیاں نکال کر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جن کا مقصد دہشت گردی ، انتہاء پسندی ، لاقانونیت کے خاتمے جمہوریت کے استحکام ، آئین کی بالادستی ، ناقابل تسخیر دفاع اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی جیسے مقدس مشن کے لئے پاکستانی اور کشمیری قوم کو مرحومہ کے افکارو نظریات ، لافانی جدوجہد کے مطابق ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے گزشتہ روز دختر مشرق کی نویں برسی کی باوقار تقریبات کے انعقاد کے متعلق میڈیا کوتفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش مزار پر ملک گیر نظریاتی اجتماع ہوگا جس میں ملک بھر اور آزاد کشمیر سے پارٹی کے نظریاتی پیرو کار قافلوں کی صورت میں شرکت کرینگے ،جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مہمان خصوصی ہونگے جو قومی عالمی امور کے علاوہ پاکستان کو درپیش اندرونی بیرونی خطرات کے علاوہ سیز فائر لائن ، ورکنگ بانڈری پر بھارت کی عسکری جارحیت سے ہونے والی غیر اعلانیہ محدود جنگ سے فوجی اور سول آبادی کا قتل عام ، مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت ، تحریک آزاد کشمیر کو دبانے کیلئے آٹھ لاکھ بھارتی افواج کے مظالم ، حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی بلا جواز گرفتاریوں سے پیدا ہونے والی صورت حال اپنے چار نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈپرمستقبل کی سیاسی حکمت عملی کا اعلان کرینگے ۔