کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ 2017 میں چوہدری نثار وزیرداخلہ نہیں رہیں گے پانامہ لیکس کے کاغذات نواز شریف کی جیب میں پڑے ہیں پیپلزپارٹی یہ کاغذات باہر نکلوائے گی،ہم نے جمہوریت کیلئے کوڑے کھائے ہیں ہم اس کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے۔ اپنے دفتر میں سندھ اسمال انڈسٹری بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ پانامہ لیکس نواز شریف کی جان نہیں چھوڑیگا پیپلزپارٹی 2017 سے پہلے نواز شریف کے جیب سے پانامہ لیکس کے ثبوت نکال لے گی وزیراعظم کے لیے پانامہ لیکس مشکل پیدا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے آنے کہ بعد اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہونگی دبئی والے بھی جلد وطن واپس آجائیں گے 2017 کا نیاں سال سندھ اور پیپلزپارٹی کے لئے اہم اور اچھا سال ہوگا 2017 جلسوں اور جلوسوں کا سال بھی ہوگا اور سیاسی گرما گرمی بہی ہوگی۔ منظور وسان نے کہا کہ حیران ہوں کہ چوہدری نثار، فنکشنل لیگ اور دیگر پارٹیاں کھتی ہیں کہ پیپلزپارٹی کرپشن میں ملوث ہے میں ان سے کہتا ہوں کہ پہلے آپ اپنے گریبان میں جہانک کر دیکھیں پہر دوسروں کہ خلاف بولیں قبضہ گروپ کون ہے سب جانتے ہیں حیدرآباد اور خیرپور میں کون قبضہ مافیا ہے یہ بھی سب جانتے ھیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہماری اکثریت کو کس نے اقلیت میں بدلا کیا یہ جمہوری عمل تھا؟اقلیتوں کے حقوق سے متعلق بل پر نظر ثانی کریں گے مذہبی جماعتوں کے اعتراضات دور کیے جائیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ اسمال انڈسٹریز کا113 ملین کا بجٹ منظور کیا گیا ہے جس میں ملازمین کو پانچ ماہ کی تنخوائیں اور پینشن بھی شامل ہیں تین سو کی جگہ آٹھ سو پچہتر ملازمین محکمہ میں بھرتی کیے گئے سندھ اسمال انڈسٹری کے چھ سئو بتیس ملین سالانہ اخراجات ہیں ادارہ کیسے چلائیں ؟ سندھ اسمال انڈسٹریز کی زمین پر شاپنگ سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ محکمہ کی آمدنی بڑھائی جا سکے۔