صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو جمعے کے بعد ہفتے کو بھی میدان میں آئے اور وفاقی حکومت اور وزیر داخلہ پر تنقید کرنا نہ بھولے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میں چوہدری نثار سے کچھ پوچھنے کی طاقت نہیں ہے، وزیراعظم نے چوہدری نثار کو روکا لیکن انہوں نے کہا کہ وہ پریس کانفرنس کریں گے، ایسے دبنگ وزیر کو وزیراعظم کیا کہے گا،چوہدری نثار سپریم کورٹ کے خلاف بولنے سمیت جو مرضی آئے کرلیں، مگر وزیراعظم انہیں کچھ نہیں کہہ سکتے۔
مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کے وطن واپس نہ آنے کی خبریں غلط ثابت ہو گئیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں آصف زرداری کے دوست انور مجید کے دفاتر پر چھاپوں اور گرفتاریوں کے بعد یہ تاثر عام کرنا ضروری تھا کہ سندھ حکومت اور اداروں کے درمیان سب اچھا ہے۔
مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ ہماری مفاہمت نون لیگ سے نہیں جمہوریت کیلئے ہے، اب نون لیگ کو جانا ہوگا،یہ عقل کے اندھوں کی جماعت ہے ان کو اپنی ناک سے آگے کچھ نظر نہیں آتا،گالیوں پر اتر آتے ہیں، ہماری جمہوریت پسندی کا فائدہ نواز شریف کو پہنچا۔
مشیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ اب نون لیگ سے جھگڑا ہے ،ایک پارٹی نے سولو فلائٹ کر کے دیکھ لیا، کوئی نتیجہ نہ نکلا۔