گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی طرف سے پراپرٹی ٹیکس بڑھائے جانے پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ،ایکسائز آفس آنے والے پراپرٹی ٹیکس دھندگان نے کہا کہ گزشتہ سال تک جنہیں تین چار ہزار روپے ٹیکس آتے تھے اس سال انہیں پندرہ سے 25ہزار روپے تک ٹیکس ڈال دیا گیا ہے جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے ،ٹیکس دھندگان نے الزام لگایا کہ بعض سرکل آفیسران مبینہ طور پر رشوت وصول کرنے کیلئے پہلے زائد ٹیکس کے نوٹس بھجوائے جاتے ہیں بعدازاں ملی بھگت کر کے ٹیکس کم کر دیا جاتا ہے ،ٹیکس دہندگان نے حکام سے نوٹس کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ایکسائز حکام نے کہا کہ کمپیوٹرسسٹم ہے کسی کو بھی ٹیکس زائد بھیج کر کم نہیں کیاجاسکتا۔