پیٹربرا (نامہ نگار)پاکستان کمیونٹی کے سرکردہ رہنما و مسلم لیگ ن کی ممتاز شخصیات میر محمد تبسم، ممتاز علی، راجہ اصغر علی نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نادرا کے چیئرمین عثمان حسین، CTO ذوالفقار علی کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات کی شبانہ روز محنت سوچ اور اوورسیز پاکستانیوں کو مشکلات سے نجات دلوانے کی پالیسی کی وجہ سے آن لائن نادرا کا آغاز ہوا۔ آج سفارت خانوں میں میلوں دور سفر کرنے، پارکنگ ٹکٹ اور بڑی اور لمبی قطاروں میں کھڑے انتظار کرنے والے بوڑھے بچے عورتوں کو نجات مل گئی۔ سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں سٹاف کی کمی اور کم جگہ پر سینکڑوں افراد کے جم غفیر سے معاملات دن بدن خرابی کی طرف جارہے تھے۔ ہائی کمیشن نے سید ابن عباس کی سربراہی میں مشکلات کو کم کرنے کے لئے آن لائن اپائنٹمنٹ کا سلسلہ شروع کیا لیکن اس کے باوجود عوام کی ضروریات بڑھتی گئیں اس کے باوجود ہائی کمیشن مسائل کے حل میں سرتوڑ کوشش کررہا ہے۔ لیکن چوہدری نثار علی خان اور نادرا کے چیئرمین نے آن لائن کا آغاز کرکے عوام کے دل جیتے لئے اب ہر گلی محلے بازار میں آن لائن سروس موجود ہے۔ عوام آن لائن فیس جمع کروا کر 10دن میں اپنے کارڈ حاصل کررہے ہیں جو موجودہ حکومت کا ایک بڑا بریک تھرو ہے۔ نادرہ آن لائن سمارٹ کارڈ کے ذریعے پاکستان میں دیگر کئی سہولیات متعارف کروائی جارہی ہیں جن میں سفری ٹکٹ، ہوٹل بکنگ، انشورنس کے علاوہ دیگر اہم اداروں میں سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ آن لائن پر تنقید کرنے والے دراصل اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں عوام انہیں رد کرتے ہیں آن لائن سروس ایک کامیاب سروس ہے جس سے حکومت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔