کراچی( اسٹاف رپورٹر) 63 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ سپر ایٹ مرحلے میں داخل ہوگئی جس میں چاروں پول کی دو، دو ٹاپ ٹیموں نے رسائی حاصل کی۔ سپر ایٹ لیگ میں شامل ٹیموں کو دو گروپس میں رکھا گیا ہے ، پول ای میں پی آئی اے، ریلویز، نیشنل بینک اور پولیس جبکہ پول ایف میں واپڈا، سوئی سدرن گیس، پاکستان آرمی اور سوئی نادرن گیس شامل ہیں، سوئی نادرن گیس نے بھی اپنی عمدہ پرفارمنس سے اس مرحلے میں کو الیفائی کیا۔ منگل کو کھیلے گئے گروپ کے آ خری میچوں میں ٹیموں کی جیت کا مارجن کم رہا، پی آئی اے نے ریلویز کو 2-1سے ہرایا، فاتح ٹیم کی جانب سے حسیم خان نے18 اور اویس الرحمان نے 41 ویں منٹ میں گول بنائے، ریلویز کا واحد گول حمزہ نے37 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ دوسرے میچ میں پاکستان پولیس نے پورٹ قاسم کو 3-2سے زیر کیا ، پولیس کی طرف سے شرجیل نے 20 ،40، 60 ویں منٹ میں گول اسکور کئے، پورٹ قاسم کے دونوں گول حنیف شہزاد نے13 ،42 ویں منٹ میں گول اسکور کئے، تیسرے میچ میں پاکستان آرمی نے ہائیر ایجوکیشن کو 3 گول سے شکست دی حریف ٹیم کو ئی گول نہ بناسکی، آرمی کے کے گول عباس ، جبار اور اویس نے 23، 29 ، 49 ویں منٹ میں گیند کو جال کا رخ دکھایا۔