• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت پسندوں کی خواہش ہے بینظیر قتل کیس کا فیصلہ جلد ہو،رحمٰن ملک

سکھر (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور جمہوریت پسندوں کی خواہش ہے کہ بے نظیر قتل کیس کا فیصلہ جلد ہو، سکھر اور سندھ دھرتی میں کھڑے ہو کر میں عدلیہ سے یہ اپیل کررہا ہوں کہ بینظیر قتل کیس کا فیصلہ جلد دیاجائے، سنا ہے کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں بے نظیر قتل کیس کا فیصلہ آرہا ہے، ملک کے جوڈیشل سسٹم کے باعث اب تک انصاف نہیں مل سکا، حکومت پرویز مشرف کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کرنے کے لئے شارٹ کٹ روٹ اختیار کر سکتی ہے اور اس کے ریڈ وارنٹ جاری کئے جا سکتے ہیں،پیپلزپارٹی کی ڈیل ہمیشہ عوام کے ساتھ ہوتی ہے، آصف علی زرداری کسی ڈیل کے تحت نہیں گئے تھے اورنہ واپس آئے ہیں ، وہ جب چاہے آ سکتے ہیں اور جب چاہے جا سکتے ہیں انہیں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، پیپلزپارٹی مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں مفاہمت ہو سکتی ہے لیکن کسی کے سامنے جھکیں گے نہیں، پیپلزپارٹی کا اپنا منشور ہے جس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔وہ سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ رحمان ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنی حکومت کے دوران بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات جے آئی ٹی کے ذریعے کرائی اور اس کیس کے تمام ملزمان گرفتار کئے گئے یا مارے گئےادھرپیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بجلی کا بحران ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے، چارماہ، آٹھ ماہ اور ایک سال میں بجلی کا بحران ختم کرنے والے عوام کو بتائیں کہ سردیوں میں بھی اتنی زیادہ لوڈشیڈنگ کیوں ہورہی ہے، پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں بین الاقوامی منڈی میں تیل فی بیرل کی قیمت 165 ڈالر تھی اور ہم اس وقت عوام کو 4روپے فی یونٹ بجلی فراہم کررہے تھے، لیکن اب بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت فی بیرل 40ڈالر ہے لیکن اس کے باوجود حکومت عوام کو 15روپے فی یونٹ بجلی فراہم کررہی ہے جوکہ عوام کے ساتھ ذیادتی ہے۔یہاں دوہرا معیار ہے، ہمارے لئے کچھ ہے اور مسلم لیگ ن کے لئے کچھ ہے، حکومت پر پاناما اسکینڈل کے سنگین الزا ما ت ہیں لیکن مقدس گائے قرار دے کر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی، آنے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی کلین سوئیپ کرے گی ۔دریں اثنا ءپاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر اور مرکزی رہنما قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان ون پوائنٹ ایجنڈے پر سیاست کررہے ہیں، ان کے دھرنے کبھی بھی نتائج حاصل نہیں کر سکیں گے، پیپلزپارٹی تحریک چلائے تو وہ جذباتی نہیں ہوگی، ہم نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ پیپلزپارٹی میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں، پیپلزپارٹی میں اختلافات کی بلا جواز باتیں کی جارہی ہیں جس کی ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے، پیپلزپارٹی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اور وہ اپنے منشور اور ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔
تازہ ترین