• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو نے خود شہید ہوکر جمہوریت کو زندہ کیا، ملک اجمل

برسلز (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی بلجیم کے سینئر رہنما و ممبران یورپ ملک اجمل اور رانا مصرف نے بینظیر بھٹو شہید کی برسی نہایت عقیدت و احترام سے برسلز سینٹر میں منائی۔ اس موقع پر ملک اجمل نے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ27دسمبر پیپلز پارٹی کی تاریخ کا سیاہ دن ہے کیونکہ اس دن جمہوریت کے دشمنوں نے دہشت گردی کرتے ہوئے ہماری رہنما کو شہید کردیا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ گواہ ہے کہ اس کے رہنمائوں نے خون دے کر جمہوریت کو زندہ رکھا جب کہ دیگر پارٹیوں کے رہنما زندہ بھی ہیں اور ملک و عوام کے لیے انہوں نے وہ قربانیاں اور سہولیات مہیا نہیں کیں جو پیپلز پارٹی کی حکومت نے کیں۔ برسی کے پروگرام میں مولن بیک کی میئر مادام فرانسوا سکیمنز نے بھی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کی عوام کے ساتھ دوستی ایک بڑے لیڈر کی خصوصیت ہے۔ انہوں نے بینظیر بھٹو کی پاکستان کے لیے کاوشوں اور قربانیوں کو زبردست انداز میں سراہا ۔ سینئر رہنما رانا مصرف نے کہا کہ ہمیں اپنے قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جمہوریت کے فروغ کے لیے کاوشیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ماضی میں پارٹی رہنمائوں کی غفلت اور کارکنان کے ساتھ عدم دلچسپی سے نہ صرف پارٹی کو نقصان ہوا بلکہ پارٹی کے اندر لوگ مختلف دھڑوں میں تقسیم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم پارٹی کی خاطر ہر سطح پر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ پروگرام میں پاکستانی نژاد بیلج اور مقامی سیاسی پارٹیcdhکے ممبر امین الحق نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی پاکستان کے لیے خدمات کی مثال نہیں ملتی۔ بلجیم ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا ارباب طاہر آف پنڈی بھاگو نے بینظیر بھٹو کو شہید کرنے والے سفاک دہشت گردوں کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف مزید موثر اقدامات اٹھائے ۔ انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر ان کے لئے مغفرت کی دعا کی اور شریک تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں راجہ طاہر، نواز عباسی نے بھی پیپلز پارٹی کی ملک کے لیے قربانیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پیپلز پارٹی کل بھی زندہ تھی آج بھی زندہ ہے اور آئندہ بھی زندہ رہے گی۔ پروگرام میں تلاوت کلام پاک فلک شیر نے کی۔ نظامت کے فرائص نواز عباسی نے ادا کیے اور نعت رسولؐ مقبولﷺ ملک اخلاق اعوان نے پڑھی، آخر میں انیب راشد نے دعا کروائی ۔
تازہ ترین