گوجرانوالا میں شادی ہالوں سے چوری کے لیے بچوں کو آلہ کار بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان بچوں کو کاروں میں لے کر شادی ہال پہنچتے ہیں۔
بچے تقریب میں شریک خواتین کے پرس چرا کر کار میں موجود ملزمان کو پہنچاتے ہیں، پولیس نے ایک بچے کو گرفتار کرلیا۔
گوجرانوالہ میں جرم کی انوکھی واردارت کا انکشاف ہوا ہے، ایک گینگ ہے جو چھوٹے بچوں کو بناسنوار کر شادیوں کی تقاریب میں بھیجتا ہے، ان بچوں کو ٹاسک دیا جاتا ہے کہ وہ شادیوں میں موجود خواتین کے پرس چوری کریں یا چھین کر بھاگیں، اس کام کے عوض بچوں کو 5 سے 7 سو روپے دیے جاتے ہیں۔
ایک شادی ہال کے گارڈ نے سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے 12 سال کے بچے کو اس وقت پکڑ لیا جب وہ واردات کرکے بھاگ رہا تھا۔
تحقیقات میں بچے نے پولیس کو اس گینگ کے بارے میں تفصیلات بتائیں جو انہیں استعمال کرتا ہے ،بچے کی نشاندہی پر پولیس نے کامونکی میں ایک مکان پر چھاپا مار کر ایک ملزم کو پکڑ لیا جو اس بچے کا باپ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کی وارداتوں پر مختلف تھانوں میں پہلے سے ہی تین مقدمات درج ہیں، بچے اور اس کے باپ سے تفتیش جاری ہے، بہت جلد گینگ کے سارے کردار قانون کی گرفت میں ہوں گے۔