شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)معلوم ہو اہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں حکومت پنجاب کی طرف سے فنڈز جاری ہونے کے باوجود محکمہ تعلیم کے سکولوں میں ترقیاتی کام کروانے کا ہدف پورا نہیں ہوسکا، اس صورت حال سے محکمہ سکول ایجوکیشن نے ضلع حکومتوں کا آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام کے مطابق ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے اس سلسلہ میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اگلے چند روز کے دوران ای ڈی اوز ایجوکیشن کے ساتھ میٹنگ بھی کررہے ہیں ، باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن نے ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے جو ڈیٹا مرتب کیا ہے اس کے مطابق پنجاب میں سکولوں کی خطرناک عمارتوں کو تبدیل کرنے کیلئے 8000.00ملین روپے مختص کئے گئے تھے جن میں سے 4000.00ملین روپے جاری بھی کئے گئے تھے مگر ان میں سے صرف 11.000ملین روپے صرف کئے گئے ہیں اسی طرح آئی ٹی لیبارٹریوں کے قیام کیلئے 500.00ملین روپے مختص کئے گئے تھے جن میں سے نصف فنڈز جاری بھی کردیئے گئے مگر اس میں سے کوئی رقم خرچ نہیں کی گئی اسی طرح سرکاری سکولوں میں مسنگ فسیلٹیز کی فراہمی کیلئے 5000.00ملین روپے مختص کئے گئے تھے جن میں نصف رقم جاری کرنے کے باوجود کوئی پیسہ خرچ نہیں کیا گیا ، اس صورت حال پر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب کی طرف سے سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔