لاہور (نسیم قریشی سے) لاہور میں جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے بنائی گئی پنجاب پولیس کی نئی ڈولفن فورس کی کامیابی کے بعد وزیراعلیٰ شہباز شریف نے صوبے کے مزید 5اضلاع میں ڈولفن فورس بنانے کی سمری کو منظور کرتے ہوئےڈولفن فورس کے لئے ایک ارب 65 کروڑروپے کے فنڈزکی منظوری دے دی۔محکمہ خزانہ پنجاب نے60کروڑروپے پنجاب پولیس کو جاری کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جرائم کی روک تھام کے لئے بنائی گئی ڈولفن فورس کے لاہور میں کامیاب تجربے کے بعد وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب کے 5اضلاع راولپنڈی ،گوجرنوالہ،فیصل آباد،ملتان اور بہاولپورمیں ڈولفن فورس کیلئے محکمہ خزانہ پنجاب کی طرف سے منظور کئے گئے فنڈز سے 500سی سی ہیوی بائیک خریدی جائیں گی جبکہ ڈولفن فورس کے لئے نئی بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔ واضح رہے صوبائی دارالحکومت لاہور کے لئے مزید 300ہیوی بائیک ڈولفن فورس کے لئے منگوا ئی جارہی ہیں جو جلد ڈولفن فورس کا حصہ بن جائیں گی۔