• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب ملتان ،سابق وائس چانسلر کیخلاف تحقیقات کی رپورٹ عدالت میں جمع

ملتان(سٹاف رپورٹر)نیب ملتان نے اعلیٰ حکام کی اجازت کے بعد سابق وائس چانسلر کے خلاف تحقیقات مجاز عدالت میں جمع کرادی ہیں، یادرہے کہ قبل ازیں جنوری 2015 میں نیب حکام نے زکریا یونیورسٹی کے ذریعے لاہور سب کیمپس قائم کرکے سٹوڈنٹس سے کروڑوں روپے فیس وغیرہ کی مد میں اکٹھے کرنےپر زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر سید خواجہ علقمہ،رجسٹرار ملک منیر حسین،منیر بھٹی اور اسکے بیٹے حمزہ منیر کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کو 25اکتوبر کو گرفتار کیا تھا جس میں نیب انتظامیہ نے دو روز قبل اعلیٰ حکام کو رپورٹ بھجوائی تھی کہ ملزمان نے یونیورسٹی سینڈیکیٹ سے اجازت اور ایچ ای سی کے این او سی کے بغیر فیس کی مد میں 925 ملین روپے خوردبرد کئے ہیں، اعلیٰ حکام کی اجازت کے بعد نیب ملتان نے چالان کی شکل میں تفتیش کی رپورٹ مجاز عدالت میں جمع کرادی ہے، جہاں 16 جنوری کو ملزمان کو تفتیش کے ثبوت اور دستاویزات کی نقول فراہم کرکے باقاعدہ ٹرائل شروع کیا جائے گا ،ادھرنیب حکام نے نیشنل بنک جہانیاں کیس میں مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ،قبل ازیں  نیب ملتان نے نیشنل بنک جہانیاں میں آڈٹ کے بعد کروڑوں روپے کی کرپشن کے انکشاف کے بعد مقدمہ درج کیا تھا جس میں مرکزی ملزم فاروق رضا تاحال مفرور چلا آرہا ہے ۔
تازہ ترین