لندن (جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ لندن، پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے کراچی اور حیدرآباد میں ایم کیوایم کے ذمہ داروں اور کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور ایم کیو ایم کے پرامن سیاسی سرگرمیوں پرعائد غیراعلانیہ پابندی کی شدیدترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان دنیا بھر میں پاکستان اور وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کیلئے بدنامی کا سبب بن رہے ہیں ۔ہمیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے روکا گیا جبکہ دوسری جانب کالعدم تنظیموں کو کھلی آزادی ہے۔لندن سے بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا متعصبانہ عمل وکردار انتہائی مشکوک ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے منصب کا غلط استعمال کرکے پورے ملک کوبنیادپرستی اور مذہبی انتہاء پسندی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں۔ ایک جانب کالعدم فرقہ پرست تنظیموں کو پورے ملک میں جلسہ جلوس اورمظاہرے کرنے کی کھلی آزادی ہے اور کالعدم تنظیموں کے سربراہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی سے ملاقاتیں کرکے اپنے مطالبات بھی منوارہے ہیں لیکن دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی پرامن سیاسی سرگرمیوں پر غیراعلانیہ پابندی عائد کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی ہدایت پراسلام آباد میں پاکستان قومی موومنٹ اور ایم کیوایم کی مشترکہ پریس کانفرنس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ، نیشنل پریس کلب اور مقامی ہوٹل کی انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر پی کیوایم اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کو پریس کانفرنس کرنے سے روکاگیا جسکا ایک جمہوری معاشرے میں تصورتک نہیں کیاجاسکتا۔ ندیم نصرت نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ چوہدری نثارعلی کی ایما پر ایم کیوایم کی پرامن سیاسی سرگرمیوں پرعائدغیراعلانیہ پابندی کا فوری نوٹس لیا جائے، ایم کیوایم کو سیاسی سرگرمیوں کی مکمل آزادی فراہم کی جائے ، کراچی اورحیدرآبادمیں ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اورکارکنوںکی اندھادھند گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرایاجائے اور تمام گرفتارشدگان کو فی الفور رہا کیاجائے۔