اسلام آباد ( نمائند ہ جنگ) وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے تین رکنی وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف امور میں جاری تعاون، مشترکہ پارلیمانی امور اور کشمیر سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر اور عالم اسلام کے حوالے سے اٹھائے گئے نکات قابلِ ستائش ہیں۔انہوں نےکہا کہ علاقائی اور عالمی امن کے قیام کے سلسلے میں بے شمار قربانیوں کے باوجود بھی بعض عناصر کی جانب سے تاریخی اور زمینی حقائق کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔چوہدری نثارنےکہا کہ سطحی معلومات رکھنے والوں اورکسی اور کے اشاروں پرچلنے والوں کے علاوہ اس فہرست میں وہ بھی شامل ہیں جن کے اپنے ہاتھ مظلوموں کے خون سے رنگے ہیں اور جو علاقائی امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔