اسلام آباد ( آن لائن ) ملک کے بالائی علاقوں میں پیر کو بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا ، برفباری سے چترال پشاور روڈ ٹریفک کیلیے بندہوگیا ، ضلع غذر کے بالائی علاقوں کے زمینی رابطے بھی منقطع ہو گئے۔چترال میں لواری ٹاپ اور پہاڑی علاقوں میں رات سے برفباری جاری ہے ، جس کے باعث چترال پشاور روڈ ٹریفک کیلیے بند ہوگیا ہے۔گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہورہی ہے، غذرکے پہاڑوں اور گاہکوچ شہر سمیت میدانی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔برفباری سے شندور ٹاپ بارست سمیت دیگرعلاقوں کا غذرسے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ، ملک کے دیگر علاقوں میں بھی سردی کی لہرجاری ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا ،فاٹا، بالائی پنجاب ، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ اورژوب ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کاامکان ہے۔