گجرات (نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان وفاقی ادارہ شماریات نے چھٹی قومی مردم و خانہ شماری کیلئے گجرات کو 2363بلاکس میں تقسیم کیا ہے، مردم شماری و خانہ شماری دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی جس کیلئے عملہ کی تعیناتیوں کو مرحلہ 15جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ قومی مردم شماری دو مرحلوں میں ہوگی پہلا مرحلہ 15مارچ سے شروع ہوکر 15اپریل تک ختم ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ 25اپریل سے 25مئی تک ہوگا ،ضلع گجرات کو مردم و خانہ شماری کیلئے 47چارج سرکل میں تقسیم کیا گیا ہے یہ چارج مجموعی طور پر 374سرکلز میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ جبکہ ان سرکلز کو 2363بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر بلاک 200سے 250گھرانوں پر مشتمل ہوگا۔