قصور میں چار روز سے لاپتا 5 سالہ بچی کی لاش زیر تعمیر مکان سے مل گئی۔ پولیس نے خاتون سمیت 31 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی۔
ڈی پی او قصور علی ناصررضوی کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش 24 گھنٹے پرانی لگتی ہے،ملزم کوجلدگرفتارکرلیں گے۔
قصور کی رہائشی 5 سالہ عائشہ کے گھر میں چار روز قبل مہندی کی تقریب تھی، عائشہ کھیلتی ہوئی گلی میں گئی اور اچانک غائب ہو گئی تھی۔
گھر والے ساری رات ڈھونڈتے رہے لیکن عائشہ کا کچھ پتا نہ چلا۔ پولیس کو بلایا اور نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرا دیا۔
پولیس نے قریبی علاقوں میں پوچھ گچھ کی اور ایک خاتون سمیت 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
چار روز بعد بچی کی لاش سنیما روڈ پر زیر تعمیر مکان سے مل گئی، جسے پوسٹمارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں تاہم حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آسکیں گے۔