• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے پابندیوں کے مکمل خاتمے تک گیس کی درآمد ممکن نہیں، شاہد خاقان

 اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تک ایران سے مکمل پابندیاں ہٹ نہیں جاتی پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے گیس کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔ ایران سےا سمگل شدہ تیل غیرقانونی سرحدی تجارت ہے ۔ جمعرات کوسینٹ میں توجہ دلائونوٹس اور نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرنےکہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی فروخت بغیر لائسنس کے نہیں کی جاسکتی۔ 1898 ءکے قانون کے تحت ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے ۔اوگرا کی ذمہ داری ہے کہ غیر قانونی پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے ۔اوگرا شکایت کی صورت میں صوبائی حکومتوں کو لکھتی ہے ضلعی انتظامیہ غیر قانونی پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والوں کےخلاف کارروائی کرتی ہے ، اوگرا ریگولیٹری ادارہ ہے ،اس حوالے سے صوبائی حکومتوں کو لکھیں گے کہ اسمگل شدہ پٹرول بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمیں سرحدی تجارت پر اعتراض نہیں لیکن اس  کے لیے مروجہ طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی نے کہاکہ ایران سےا سمگل شدہ تیل سے لوگوں کا روزگار وابستہ ہے ۔ بلوچستان میں معدنیات سے وابستہ کوئی انڈسٹری نہیں ہے ۔ قبل ازیں توجہ دلائو نوٹس سینٹر چوہدری تنویر خان نے پیش کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بغیر لائسنس  کے فروخت انسانی جان و مال کے لیے خطرہ ہے۔
تازہ ترین