ملتان(سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نےکہا ہے کہ سی پیک سے اس خطے میں ایک معاشی انقلاب آئے گا،پاکستان اور چین ایک دوسرے کے ساتھ لازوال دوستی کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اور بہت سے دفاعی معاہدے اور پاک چین راہداری منصوبہ اس کی مثال ہیں، ملتان سکھر موٹر وے پرکام کرنے والی چینی کمپنی کے وفد سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہاکہ پوری دنیا سی پیک سے مرتب ہونے والے معاشی اثرات کی سٹڈی کر رہی ہے اور بہت سے ممالک اس کا حصہ بننا چاہتے ہیں، اس موقع پر آر پی اوسلطان اعظم تیموری ، ڈی سی نادر چٹھہ، سی پی اواحسن یونس، قائم مقام ڈی جی پی ایچ اے رانا رضوان قدیر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سرفراز احمد بھی موجود تھے،آر پی او سلطان اعظم تیموری نے کہا کہ چینی انجینئرز اور سٹاف ہمارے مہمان ہیں اور ان کی سکیورٹی کیلئے انتہائی منظم انتظامات کئے گئے ہیں،وفد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی کمپنی 392 کلو میٹر طویل ملتان سکھر موٹر وے پر کام کر رہی ہے،اس موٹر وے کی تعمیر ان کیلئے ایک اعزاز ہے۔