• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان یونیورسٹی پارٹنر شپ پروگرام کے تحت انٹرپرینیور شپ ایجوکیشن سمٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان یونیورسٹی پارٹنر شپ پروگرام کے تحت دو روزہ ’’ انٹرپرینیور شپ ایجوکیشن سمٹ‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نےکی ۔ ’’ بلڈنگ برجز‘‘ یونیورسٹی آف میسا چوسیٹس اور بلوچستان کی تین یونیورسٹیوں کے درمیان دو سالہ شراکت کا پروگرام ہے جن میں یونیورسٹی آف بلوچستان، سردار بہادر خان وومنز یونیورسٹی کوئٹہ اور بلوچستان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز شامل ہیں۔تقریب میں یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر، دیگر یونیورسٹیوں کے نمائندوں اور نئے کاروبار شروع کرنے والے افراد نے شرکت کی۔امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ امریکا اس 8 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے پروگرام کے لیے مدد فراہم کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہم دونوں ملکوں کے جوش و جذبے اور توانائی سے بھرپور ذہنوں کو ملاتے ہیں تو شاندار نتائج حاصل ہوتے ہیں۔یونیورسٹی آف میساچوسیٹس میں ’’ بلڈنگ برجز‘‘ کی پروگرام مینیجر ربیکا ہولینڈ کا کہنا تھا کہ ’’ کانفرنس کے شرکا بزنس شروع کرنے کی تعلیم کے طریقوں کی عملی تفہیم کے لیے مباحثوں اور پریزنٹیشنز میں حصہ لیں گے اس کے لیے وہ آنٹرپرینیور شپ کے مختلف فریقوں کے درمیان ہر سطح پر مکالمے کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی فریم ورک استعمال کریں گے۔بلوچستان کنسورشیم یونیورسٹی پارٹنر شپ‘‘ امریکا اور بلوچستان کی یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیمی روابط کی پہلی کڑی ہے جس کے لیے امریکی حکومت مالی امداد فراہم کررہی ہے اور یہ پاکستان بھر میں بیس سے زائد یونیورسٹیوں کی امریکی یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت کے پروگرام کا حصہ ہے۔
تازہ ترین