سرگودھا(نمائندہ جنگ) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے موضع بھکھی خورد کے نواحی ڈیرہ جات کو بجلی کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھکھی خورد کے نواحی ڈیرہ امیر علی نسوانہ کو 65 لاکھ روپے کی گرانٹ سے بجلی فراہم کرکے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا۔ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے چھٹ رہے ہیں اور 2018ء تک عوام لوڈ شیڈنگ کا نام بھی بھول جائیں گے۔ این اے 65 میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ حلقہ سے جہالت اور پسماندگی کے خاتمہ کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ 2018ء کے انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بدولت عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ حلقہ کی عوام کو جلد ایک بڑی خوشخبری سنائیں گے جس سے علاقہ کی عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔ این اے 65 میں تعمیروترقی کے نئے دور کا آعاز ہو چکا ہے۔انہوں نےکہاکہ حکومت تمام تر سازشوں کے باوجود اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پاکستانی عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کر رہے ہیں۔ عوام کی محبتوں کا قرض ترقیاتی کام کروا کر اتار رہے ہیں۔ اس موقع پر یوسی چیئرمین مخدوم لیاقت، چوہدری خالد مسعود رانجھا، ملک ضیغم نسوانہ، ملک محمد حیات نسوانہ، چوہدری ذوالفقار احمد مارتھ، مخدوم محمد ارشد، ڈاکٹر محمد نواز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔