ملتان(سٹاف رپورٹر)نیو ملتان میں شادی کی پہلی رات دلہا پراسرار طور پر جاں بحق اور دلہن بے ہوش ہو گئی۔دلہن کونازک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیاہےجبکہ اڈا بند بوسن پر ہوا کی ٹینکی پھٹنے سے 2بچے جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نیو ملتان کے علاقے باغ حسین چوک میں پاکستان تحریک انصاف کا سابق ضلعی نائب صدر 26 سالہ فیضان علی کی مومنہ سے ہفتے کے روز شادی ہوئی ۔شادی کی پہلی رات دلہا دلہن کمرے میں سونے کے لئے گئے۔ صبح کمرے میں کمرے کے اٹیچ باتھ روم میں دلہا مردہ حالت میں پایا گیا جبکہ دلہن کمرے میں بے ہوش پڑی تھی۔ ورثا ء نے شک پڑنے پر کمرے کا دروازہ توڑ کر دونوں کو باہر نکالا ۔دلہن کو فوری طور پر نشتر ہسپتال علاج کےلئے منتقل کردیا گیا ہے،پولیس نے دلہا کی موت کی وجوہات جاننے کےلئے لاش کو نشترہسپتال میں منتقل کردیا ،جبکہ دوسری جانب دلہا فیضان کے گھر میں اس کی شادی کی خوشی ماتم میں بدل گئی ۔بتایا گیا ہے کہ دلہا کے کمرے میں گیس ہیٹر آن تھا رات کے کسی پہر گیس بند ہو گئی اور بعد میں گیس آنے سے کمرے میں گیس بھر گئی جس کی وجہ سے فیضان کی موت واقع ہو گئی اور دلہن بے ہوش ہو گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ان خطوط پر بھی کام کر رہے ہیں۔تاہم پوسٹ مارٹم سے قبل موت کی وجہ بیان کرنا قبل از وقت ہو گا۔دریں اثنا مخدوم شاہ محمود قریشی ، اعجاز جنجوعہ، ڈاکٹر خالد خاکوانی، یوسف ڈمرا، ندیم قریشی ،خالد جاوید وڑائچ، ملک عامر ڈوگر، ظہیر الدین خان علیزئی، حسن علیزئی، حاجی جاوید انصاری نے افسوس کا اظہارکیا اور مغفرت کے لئے دعا کی ادھر اڈا بند بوسن کے قریب پنکچر کی دکان پر رکھی گاڑیوں میں ہوا بھرنے والی ٹینکی اچانک پھٹ گئی جس سے وہاں موجود 11 سالہ بچہ حسنین ولد اسلم موقع پر موقع پر دم توڑ گیا جبکہ وہاں موجود 12 سالہ دلدار ولداکبرشدید زخمی ہوگیا جسےنشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ،جہاںوہ جاں بحق ہوگیا، دریں اثنا گلستان چوک کے علاقے میں گھر کے کمرے میں اچانک آگ لگ گئی ،بتایا گیا ہے کہ کمرے میں لگنے والی آگ ہیٹر کی وجہ سے لگی ،جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کمرے میں موجود سامان کو اپنی لیپیٹ میں لےلیااور ڈیڑھ لاکھ مالیت کا سامان جل کرراکھ ہوگیاریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کرآگ کوبجھایا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔