• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعیدغنی پربے بنیادالزامات،نجی چینل پر 10لاکھ جرمانے کی سفارش ، ٹی وی پر فضل الرحمان پر الزامات نشر کرنیکی بھی سماعت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیمراشکایات کونسل سندھ نے نجی ٹی وی چینل ’میٹرو 1‘کے خلاف سینیٹر سعید غنی کی طرف سے دائر شکایت کی سماعت کرتے ہوئے ٹی وی چینل پر دس لاکھ روپے جرمانہ کی سفارش کی ہے۔ کونسل نے یہ سفارش پیرکو اجلاس کے دوران کی۔ پروفیسر انعام باری چیئرمین کونسل آف کمپلینٹ سندھ نے اجلاس کی صدارت کی۔ کونسل نے یہ سفارش بھی کی کہ چینل کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر معزز رکن سینیٹ سے اپنی نشریات کے دوران معذرت کرے اور اس حوالے سے ٹکرز بھی چلائے۔ سینیٹر سعید غنی ایک اور معزز رکن پارلیمنٹ سینیٹر روبینہ خالداور اپنے وکلا کی ٹیم کے ہمراہ خود پر لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کونسل آف کمپلینٹ کے روبرو پیش ہوئے۔ جبکہ  چینل کے بیورو چیف حبیب الرحمان اور چیف رپورٹر بابر شہزاد تُرک بھی پیش ہوئے۔ سعید غنی نے چینل کے نمائندگان سے ثبوت پیش کرنے کو کہا تاکہ وہ اپنا دفاع کر سکیں تاہم چینل کے نمائندگان ایسی کوئی شہادت پیش نہیں کر سکے۔ کونسل  نے دونوں اطراف کے بیانات سننے کے بعد چینل کے خلاف جرمانہ کی سفارش کی اور خبردار کیا کہ اگر اس کی جانب سے مستقبل میں اس طرح کی کردار کشی کی مہم جاری رہی تو پیمرا آرڈی ننس 2002کی سیکشن 30کے تحت اس کے لائسنس معطل کرنے کی کاروائی شروع کی جاسکتی ہے۔ پیمرا کونسل  نے لبیک پرائیویٹ، (بول ٹی وی ) کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان کی کردار کشی پر مبنی الزامات نشر کرنے کی سماعت بھی کی۔ جے یو آئی  کی رکن قومی اسمبلی شاھدہ اختر کونسل  کے روبرو پیش ہوئیں۔ انہوںنے کونسل سے شکایت کی کہ  21نومبر 2016کو مذکورہ پروگرام میں اینکر پرسن عامر لیاقت حسین نے ان کے قائد کی کردار کشی کی اور بے بنیاد، جھوٹے الزامات عائد کیے انہوںنے پیمرا شکایات کونسل سے مذکورہ ٹی وی چینل اور اینکر پرسن کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تاہم بول ٹی وی کے وکیل کی طرف سے مہلت طلب کرنے پر مزید کارروائی دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
تازہ ترین