اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بیورو کریسی میں من پسند تقرریوں پر وزیراعظم کو خط لکھ کر 2014ءمیں جاری کئے گئے ایس آر اوز واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بیورو کریسی میں من پسند تقرریوں پر وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ دیا۔ خط میں اپوزیشن لیڈر نے سیکرٹریٹ اورآفس مینجمنٹ گروپس کے افسران کی پروموشن میں تاخیر کی نشاندہی کرتے ہوئے سفارش کی کہ سول سروس ڈھانچہ بہتر بنایا جائے۔ خط کے متن میں کہا گیا کہ حکومتی اقدامات سے سیکرٹریٹ اور آفس مینجمنٹ گروپس کے افسران کی پروموشن کے امکانات کم ہوئے ہیں،سیکرٹریٹ اور او ایم جی پر دوسرے گروپ افسران کو فوقیت دی جا رہی ہے۔ خط میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومتی اقدامات سول سرونٹس ایکٹ 1973ءکی خلاف ورزی ہے، حکومت 2014ءمیں جاری کئے گئے دونوں ایس آر اوز واپس لے۔