• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا سلیم اللہ کی وفات ملک وملت کیلئے عظیم نقصان ہے،فضل الرحمٰن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کی وفات ملک و ملت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ایسی  شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں ۔ مولانا سلیم اللہ خان نے تقریباً ایک صدی تک نہ صرف اپنے آپ کو درس و تدریس سے جوڑ کر رکھا بلکہ عملی طور پر اتحاد امت اور تحفظ شعائر اسلام اور مدارس کے ترویج کے لیے عملی اقدامات کیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی میں شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کے صاحب زادوں مولانا ڈاکٹر عادل خان، مولانا عبیداللہ خالد،جامعہ کے اساتذ ہ و طلبہ اور عقیدت مندوں سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدا لغفور حیدری،قاری محمد عثمان،مولانا سعید یوسف،وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل قاری محمد حنیف جالندھری ،نائب صدرمولانا انوارالحق حقانی،مولانا امداد اللہ اوردیگرعلماء کرام بھی موجود تھے۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن علالت کے باعث مولانا سلیم اللہ خان کے جنازے میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔تاہم پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈاکٹروں کی خصوصی اجازت سے کراچی پہنچے اور منگل کی صبح جامعہ فاروقیہ جاکر انہوں نے تعزیت کی۔ بعدازاں اسلام آباد روانہ ہو گئے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ تحفظ مدارس یا تحریک حرمت رسول ﷺ ،مسئلہ ختم نبوت کا ہو یا اتحاد امت کا مولانا سلیم اللہ  خان نے ہمیشہ مذہبی قوتوں کی سرپرستی اور عملی طور پرقیادت کی ہے۔ان کی دینی،ملی و علمی خدمات تقریباً 70 سال کے طویل عرصے پر محیط ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا سلیم اللہ خان نے اپنے اساتذہ شیخ العرب وا لعجم سید حسین احمد مدنی اورپیر طریقت مولانا مسیح اللہ خان کے شاگرداورخلیفہ ہونے کا حق ادا کردیا۔ آج پاکستان میں تمام مکاتب فکر کے مدارس کے تعلیمی بورڈ کے اتحاد تنظیمات مدارس مولانا سلیم اللہ خان ہی کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ مولانا سلیم اللہ نے ہمیشہ ظالم کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور شرعی احکام پرکبھی بھی پس و پیش سے کام نہیں لیا بلکہ ہمیشہ آگے بڑھ کر شریعت کے مطابق امت کی رہنمائی کی ہے۔ ان کی دینی اور ملی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ان کی رحلت سے امت ایک عظیم محدث ، مفکر ، معلم ، مدرس ، عالم دین اور قائد سے محروم ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ مولانا کے علمی ورثاء اپنے عظیم استاذ،استاذ محدثین شیخ سلیم اللہ خان کی ہدایات و نصائح پر عمل کرتے ہوئے دین کی خدمت کریں گے اور مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ 
تازہ ترین