برسبین(نیوز ڈیسک) روس کی گولڈن گرل اور دفاعی چیمپئن ماریا شرا پووا اور سیمونا ہالپ فٹنس مسائل کے باعث برسبین انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ شرا پووا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ بائیں بازو کی انجری میں مبتلا ہو گئی ہیں، ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے تاہم سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں شرکت کی غرض سے احتیاطی تدابیر کے طور پر میں نے ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے فیصلے پر مداحوں سے معذرت خواہ ہیں اور آئندہ برس شیڈول ایونٹ میں شرکت کریں گی۔ دوسری جانب رومانوی پلیئر سیمونا ہالپ بھی ٹانگ کی انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ ہالپ نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آسٹریلین اوپن سے قبل سو فیصد فٹنس حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔