لاہور(ا یجنسیاں)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اگر مسلح دہشتگردوں نے65 ہزار لوگ مارے ہیں تو معاشی دہشتگردی نے بیس کروڑ افراد کو قتل کیاہے ۔یہاں پر پاکستان کے حکمرانوں کی بد اعمالیوں کی وجہ سے دنیا کا سب سے بڑا سٹیل ملز ناکام ہے۔9 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جارہیں ، واپڈا ، پی ٹی سی ایل ، بینک ناکامی سے دوچار ہیں ، پاکستان حسین ملک ہے اور محنت کرنے والے نوجوانوں کے چہروں پر مایوسی ہے، معاشی دہشتگردصرف سیاست اور حکومت کرنے آتے ہیں ان کے کاروبار اور بیٹے باہر ہیں ، ہر الیکشن میں آ کر ہمارے کندھوں پر سوار ی کرتے ہیں ، کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان کے بیس کروڑ عوام کو یرغمال بنا یا ہوا ہے۔انہوں نے یہ بات منصورہ میں اسلامی نظامت تعلیم کے سکولوں اورکالجوں کے پرنسپلز اور اساتذہ سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ کرپشن کی وجہ سے دہشتگردی ہے ۔ سراج الحق نے کہاکہ بلوچوں کو قومی دھارے میں لانے کی ضرورت ہے ، سندھ میں عرصے سے ایک ہی پارٹی کی حکومت چلی آرہی لیکن وہاں لوگ پتھر کے زمانے میں رہ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کرپشن کے خلاف اور عوام کے حق میں ہو ۔سراج الحق نے کہاکہ ٹرمپ کے آنے سے بعض لوگ ہمیں ڈرا رہے ہیں۔ اس کے آنے سے آسمان نہیں ٹوٹے گا ۔ ہماری تجویز ہے کہ مسلمانوں کی مشترکہ فوج ، مشترکہ منڈی اور مشترکہ تعلیمی نظام ہو ۔دوسری طرف سراج الحق سے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوتؐ کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا ، جے یو آئی کے رہنما مولانا امجد خان اور مولانا عزیز الرحمن نے منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں یکم فروری کو قانون تحفظ ناموس رسالت ؐ کے سلسلے میں اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کاد عوت نامہ پہنچایا ۔ اس موقع پر شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک اور مولانا قطب بھی موجودتھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ امت مسلمہ کا اہم مسئلہ ہے ہم سینیٹ اور اسمبلی میں بھی اس مسئلے کو اٹھاتے رہتے ہیں لیکن لبرلز کو سمجھ نہیں آتی وہ کیوں اس کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ۔ہم اس مسئلے میں آپ کے ساتھ ہیں۔