• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور اسلام کی بقاء وسلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،فضل الرحمان

بنوں (نمائندہ جنگ  ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ صد سالہ جمعیت عالمی کانفرنس پر سب کی نظریں لگی ہوئی ہے ۔ پاکستان اور اسلام کی بقاء وسلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،جے یو آئی واحد جماعت ہے جوقومی  مفاد اور دین اسلام کی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے،علماء کرام کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ،یہ عالمی اجتماع سیاست کا رخ بدل دے گا۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔اس کانفرنس میں تقریباً ایک کروڑ سے زائد عوام کی شرکت یقینی بنا کر یہ ثابت کردینگے کہ جے یو آئی ہی  خطے کی واحد سیاسی و مذہبی قوت ہے جو قوم کو مسائل اور مصائب کے انبار سے باہر نکال سکتی ہے نیز 7,8,9اپریل کو جمعیت علماء اسلام کے سو سال پورے ہونے پر پارٹی رائل ہومز سٹی اضاخیل نوشہرہ کے پی کے میں صد سالہ خدمات جمعیت کانفرنس منعقد کر رہی ہے  جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے جید علماء کرام اور بین الاقوامی رہنما سمیت امام کعبہ خصوصی طور پر شرکت کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ منورہ میں منطقہ شرقیہ الدمام سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری قاری محمد الیاس خان قادری اور نائب امیر قاری امیر نواب اخوند پر مشتمل ایک خصوصی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ اس عالمی کانفرنس میں امت مسلمہ کے زوال و عروج اور علماء ہند کا شائندار ماضی پر سنجیدگی سے غور کیا جائیگا اور جدید و قدیم علوم کے ماہرین اپنے خصوصی مقالات پیش کرینگے لہٰذا اس اہم فریضہ اور عالمی اجتماع کو کامیاب بنانا ہم سب کی اولین فرض ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آجکل پوری انسانیت خصوصاً مسلمہ مصائب ومشکلات میں مبتلا نظر آرہی ہے برما وشام سمیت دیگر مسلم ممالک میں مسلمانوں پر جاری مظالم دیکھ کر دل خون کے انسو رو رہا ہے  ۔کانفرنس میں مسلمانوں کی مظلومیت کو بھی تفصیل سے بیان کیا جائیگا ۔ انہوں نے  کہا کہ ملک و اسلام کی بقاء وسلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،جے یو آئی واحد پارٹی ہے جو ملکی مفاد اور اسلام کی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے ۔علماء کرام کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔
تازہ ترین