کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حال ہی میں ختم ہونے والی قومی ڈیپارٹمنٹل ہاکی چیمپئن شپ میں اداروں کی ٹیموں کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی ایچ ایف کےذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں موجود ہاکی کے 13 اداروں کی ٹیموں میں سے بعض میں کچھ ایسے کھلاڑی بھی کھیل رہے تھے جن کا ہاکی کیریئر ختم ہوچکا ہے، جبکہ ایک ٹیم میں جونیئر اور سینئرقومی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی خدمات کے باوجود اس کا حریف ٹیموں کے خلاف جیت کا مارجن بہت کم تھا۔ اس چیمپئن شپ میں قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سہیل عباس اور محمد وسیم نے پاکستان واپڈا کی نمائندگی کی تھی جبکہ نیشنل بنک ہاکی ٹیم میں قومی ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل تھے ۔ پی ایچ ایف نے ملکی میں اداروں کی ٹیموں میں اضافے کے لئے کئی اداروں کے حکام سے رابطہ کیا ہے اوران سے اپنے ادارے میں ہاکی ٹیم کی بحالی کے لئے بات چیت کی ہے۔