سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) مئیر میونسپل کارپویشن سیالکوٹ توحید اختر نے پیرس روڈ اپنے انتخابی دفترکے گردنواح لائٹس کی تنصیب کے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملہ اور ٹھیکیدار کو ہدایات جاری کیں کہ لائٹ اور کیبلز کی تنصیب سے پہلے ان کے نمونہ جات گورنمنٹ کی منظور شدہ لیبارٹری سے چیک کروائے جائیں اور پاس شدہ نمونوں کے مطابق لائٹس اور کیبل نصب کی جائے۔ بعدازاں انہوں نے اپنی یونین کونسل محمد پورہ میں واٹر سپلائی پائپ لائن کی لیکج اور گندے پانی کی ترسیل کی شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر عوامی شکایت کا جائزہ لیااور واٹر سپلائی کے انچارج آفیسر کو ہدایت کی کہ فوری طور پر لیکج بند کر کے عوام الناس کو صاف و شفاف پانی کی ترسیل کو ممکن بنایا جائے ۔