• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی فیڈریشن کا ملک گیر ریجنل ہاکی چیمپئن شپ کرانیکا فیصلہ

کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں پہلی بار ریجنل سطح پر 60 ٹیموں پر مشتمل قومی ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ٹیموں کا انتخاب پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کرے گی جس میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے علاوہ اس شہر اور ڈسٹرکٹ سے قومی ایونٹ میں عمدہ کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو رکھا جائے گا۔ پی ایچ ایف کے ذرائع کے مطابق مارچ میں چیمپئن شپ کے ابتدائی رائونڈ سکھر، اسلام آباد اور فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔ ہر سینٹر پر 20، 20 ٹیمیں ایکشن میں ہونگیں۔ پی ایچ ایف نے ابتدائی رائونڈ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو ایک ایک لاکھ روپے فی کس دینےکا بھی فیصلہ کیا ہے ۔چیمپئن شپ کے فائنل رائونڈ مئی میں ہونگے جس میں 20 ٹیمیں حصہ لینگی جن کا انتخاب ابتدائی رائونڈ کے ہر سینٹر سے کیا جائے گا۔ سکھر اور اسلام آباد سے چھ چھ ٹاپ ٹیمیں اور بہاول پور سے آٹھ ٹیمیں فائنل رائونڈ میں رسائی حاصل کریں گی جن کے درمیان فائنل رائونڈ میں گروپ یا لیگ کی بنیاد پر میچز کرانے کا فیصلہ اگلے ماہ کیا جائے گا۔ پی ایچ ایف نے فائنل رائونڈ کی فاتح ٹیم کو 20رنر اپ کو10 اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ روپے دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ اس رائونڈ میں شان دار پر فار منس کا مظاہرہ کرنے والے دس کھلاڑیوں کو اسکالر شپ بھی دی جائینگی ۔ فائنل رائونڈ کی ٹیموں کو کیش ایوارڈز دیے جائینگے۔
تازہ ترین