• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی اقدامات سے دہشت گرد نہیں دہشت گردی سے  متاثر افراد متاثر ہونگے، چوہدری نثار

اسلام آباد(جنگ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے  کہ امریکی اقدامات سے دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی سے  متاثر افراد متاثر ہونگے۔ دہشت گردووں کو اسلام سے جوڑنا دہشت گردی کیخلاف جدوجہد کی نفی ہے۔  اسلام آباد میں ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر داخلہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی پالیسیوں سے دہشت گردی کیخلاف ہم آہنگی کو نقصان پہنچے گا، دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا مناسب نہیں، ایسے عمل سے بین الاقوامی اتحاد کو نقصان اور دہشت گردوں کو فائدہ ہوگا جو دنیا کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ لاپتہ بلاگرز کی بازیابی سے متعلق چوہدی نثار نے کہا کہ گمشدہ افراد سے متعلق گزشتہ ہفتوں میں بہت بات ہوئی۔ انہوں نے اس معاملے پر سینیٹ میں بیان دیا اور چیئرمین سینیٹ کو بھی آگاہ کیا۔ کسی کو غائب کرنا حکومت کی پالیسی نہیں ہے، ساڑھے 3 سال میں کسی کو غائب نہیں کیا گیا، تمام بلاگرز اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں، سلمان حیدر نے رپورٹ درج کرانے سے معذر ت کی ہے۔ ملک بھر میں ایگزیکٹو پاسپورٹ دفاتر کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ مارچ کے اختتام تک مزید 14 پاسپورٹ دفتر قائم کریں گے اور 3 بڑے شہروں میں میگا سینٹر بھی بنائے جائینگے۔ مارچ کے آخرتک پاکستان کا کوئی ضلع پاسپورٹ آفس کے بغیرنہیں ہوگا۔ ایک صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ جماعت الدعوۃ پر پابندی کی خبریں گردش کر رہی ہیں، اس بارے میں آپ کیا کہتے ہیں؟ اس کا جواب دیتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کل تک تمام صورتحال واضح ہو جائے گی۔ یہ جماعت 2010ء سے زیر نگرانی ہے۔ جماعت الدعوۃ کا نام سلامتی کونسل کی قرارداد میں بھی شامل ہے۔ اقوام متحدہ کی فہرست کے بعد ہر ریاست کو اقدامات اٹھانے ہوتے ہیں جو نہیں ہو پائے تھے، اب ہم یہ اقدامات کرنے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین