اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق صوبائی اور وفاقی سطح پر 27سے زائد قوانین موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہورہا ۔ مختلف سطح پر نظام کار کی ناکامی نے ملک کو مفلوج کر دیا ہے ۔ ریاست نے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے معاملے پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں، اس کے تمام وسائل عوام کی فلاح وبہبود کیلئے استعمال نہیں ہو رہےہیں۔ بلکہ حکمران اشرافیہ ان وسائل کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کر رہا ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے بچوں کے حقوق کے حوالے سے منعقد ہ مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کا اہتمام انسانی حقوق کی تنظیموں نے کیا تھا ۔ تقریب سے وفاقی محتسب سلمان فاروقی ، خواتین کے حقوق کے حوالے سے قومی کمیشن کی چیئرپرسن خاور ممتاز ،انسانی حقوق کی سرگرم رکن حنا جیلانی اور جیو ٹی وی کے اینکر سید طلعت حسین نے بھی خطاب کیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ بچوں کے قوانین سے متعلق صوبائی اور وفاقی سطح کے اداروں کو آگاہی تک نہیںہے ۔