کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان بارہ سال بعد ہوم گرائونڈ پر ڈیوس کپ مقابلے کےلئے جمعے کو میدان میں اترے گا، جمعرات کو اسلام آباد میں جمعے سے شروع ہونے والےایران کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کے ڈراز نکالے گئے ۔ پاکستان ا سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے ہارڈ کورٹس پر کھیلے جانیوالے تین روزہ انٹرنیشنل ایونٹ کی پاکستان بارہ سال کے بعد میزبانی کر رہا ہے ۔ پاکستان نے آ خری بار پشاور میں تھائی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ جمعہ سے شروع ہونیوالے ٹینس ایونٹ کیلئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے ریفری اسٹیفن اسٹولو نے ڈراز کا اعلان کیا جس کے تحت پہلے سنگلزمیں پاکستان کے عقیل خان ایران کے شاہین خالدین کیخلاف صبح دس بجے مد مقابل ہوں گے دوسرے سنگلز میں اعصام الحق کا مقابلہ انوشا شاہ گوئی سے ہوگا ۔ ڈیوس کپ ڈبلز مقابلے 4فروری کو کھیلے جائیں گے جس میں عابد علی اکبر اور عابد خان پاکستان کی نمائندگی کرینگے جبکہ 5 فروری کو ریورس سنگلز کھیلے جائینگے ۔دوسری جانب دونوں ٹیموں نے جمعرات کو ڈیوس کپ کی تیاری کیلئے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا کےآفس کو ایرانی ٹیم کے کھلاڑی اپنے لئے استعمال کر رہے ہیں ۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کے سیکیورٹی حالات کے باعث ڈیوس کپ کی میزبانی سے پاکستان کو 12سال دور رکھا ۔دریں اثنا قومی ٹیم کے نان پلیئنگ کپتان رشید ملک اور نامورا سٹار اعصام الحق نے ٹائی میں کامیابی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان انٹرنیشنل مقابلوں کیلئے محفوظ ملک بن چکا ہے، ڈیوس کپ گروپ ون میں واپسی کرنا ہدف ہے، ڈیوس کپ کی میزبانی پاکستان کو ملنے سے اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ ایرانی کپتان سعید احمدوند نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد کی میزبانی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، ٹائی میں پاکستان فیورٹ ہے لیکن ہماری ٹیم نہ صرف اسے ٹف ٹائم دینے بلکہ جیتنے کیلئے سرتوڑ کوشش کرے گی۔ ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشنیا گروپ ٹو کی ٹائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایران کو ہم آسان حریف نہیں لینگے ، ٹائی کی کامیابی کیلئے کھلاڑیوں نے بھرپور کھیل پیش کرنا ہو گا۔ اعصام الحق اور عقیل خان فارم میں ہیں اور ٹیم کو ٹائی میں کامیابی دلانے کیلئے پر عزم ہیں۔